حکومت نے صوبے کے وسائل کو بروئے کار لانے، ترقی دینے ،بیروزگاری ،غربت کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے،وزیراعلی بلوچستان

 
0
326

کوئٹہ ،دسمبر20(ٹی این ایس) : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے صوبہ کے وسائل کو بروئے کار لانے، اسے ترقی دینے اور صوبے سے بیروزگاری اور غربت کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے۔ زراعت اور لائیواسٹاک کو فروغ دے کر نہ صرف بے روزگاری کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے بلکہ اس سے صوبے کی معیشت کو بھی مزید مضبوط کیا جاسکتا ہے۔ حکومت زراعت، لائیواسٹاک اور ماہی گیری کے شعبوں کی ترقی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے، صوبے میں اعلیٰ زرعی تعلیمی اداروں کے قیام سے صوبہ میںریسرچرز اور زرعی ماہرین کی کمی پر قابو پانے سے زراعت کے شعبہ کو مزید ترقی ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز بلوچستان زرعی کالج کے دورے کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر زراعت سردار اسلم بزنجوبھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ کالج پہنچنے پر پرنسپل محمد اسلم خان نیازی اور دیگر حکام نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے زرعی کالج میں زیر تعمیر مختلف انفراسٹرکچر اور بلاکس پر ہونے والے کام کا معائنہ کیا۔

وزیر اعلیٰ کو بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ زرعی کالج کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں مختلف فیکلٹیزکے انفراسٹرکچر پر4.5ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے، تین سالہ پروجیکٹ2019میں مکمل ہوگا اور اس کے مکمل ہونے کے بعد اس میں ایگریکلچر،ایگریکلچر انجینئر، لائیواسٹاک، ماحولیات اور سوشل سائنسز کی فیکلٹیز میں طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع ملیں گے جبکہ زرعی کالج کو یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے جاری کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے شروع دن سے تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی کو اولین ترجیحی دی ہے، جس کی بدولت گذشتہ چار سالوں میں صوبے کے مختلف دوردراز اضلاع میں یونیورسٹی ، میڈیکل کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے نہ صرف قائم کیے گئے ہیں بلکہ جہاں پر تدریسی عمل بھی شروع ہوچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی ترقی زراعت سے وابستہ ہے ، زراعت اور لائیواسٹاک کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے ہم زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کر سکیں گے۔