موجودہ حکومت عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، سائرہ افضل تاڑر

 
0
1137

 

 

اسلام آباد،دسمبر20(ٹی این ایس) :وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے خصوصی پیکج کے تحت سوا دو ارب کے خطیر فنڈز سے ضلع کے دور دراز کے دیہاتوں تک بھی سوئی گیس کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے اور عوامی خدمت کے عزم کے ساتھ وہ ضلع کو درپیش تمام مسائل کے حل کو ہر صورت یقینی بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ترقیاتی ویژن میں عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے انہیں جدید سہولیات کی فراہمی سر فہرست ہے اور وہ خصوصی ترقیاتی پیکج کی منظوری اور فنڈز کی فراہمی پر وزیر اعظم پاکستان کا حافظ آباد کے عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ یقین دہانی کراتی ہیںکہ وہ ان فنڈز کو عوام کی امانت سمجھتے ہوئے انکے شفاف استعمال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور ضلع کے گائوں گائوں سوئی گیس کی فراہمی کا وعدہ پورا کرکے دکھائیں گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار قریباًً تین کروڑ کی لاگت سے ڈیرہ راجپوتاں ،باورے کہنہ اور اکاں والا میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔چئیرمین یونین کونسل دھیرنکے لالکے چودھری تصور حسین ،وائس چئیرمین مدثر حسین ،چئیرمین یونین کونسل رامکے چٹھہ محمد بخش تارڑ،چودھری ریاض تارڑ اور دیگر معززین دیہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دہشت گردی ،لوڈ شیڈنگ سمیت اہم قومی مسائل پر بڑی حد تک قابو پا لیا ہے اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے کی جانے والی حکومتی کوششوں کے نتائج بھی حوصلہ افزا رہے ہیںتاہم ابھی بھی بہت سے عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں سوئی گیس کی فراہمی بھی شامل ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ساڑھے چار سالوں میں انہوں نے خلوص نیت سے عوام کی خدمت کی کوشش کی ہے اور تعلیم ،صحت ،میونسپل سروسز سمیت دیگر حوالوں سے حکومتی کارکردگی میں واضح بہتری صاف دیکھی جا سکتی ہے ۔

اس موقع پر مقامی معززین اور عوامی نمائیندوں نے سوئی گیس کی فراہمی کے لیے فنڈز کی فراہمی پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور کی اس بنیادی ضرورت کی دستیابی سے خواتین کو کھانے پکانے اور دیگر روز مرہ امور کی انجام دہی میں بڑی سہولت حاصل ہوگی ۔