پاکستان میں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کردیے ہیں،سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ

 
0
494

اسلام آباد دسمبر 22(ٹی این ایس) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کردیے ہیں اس سلسلے میں امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس اور پینٹاگون کے الزامات باعث تشویش ہیں‘مسئلہ فلسطین پر دو ٹوک موقف اپنانے پر دفتر خارجہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس ہوا جس میں مسئلہ فلسطین پر دو ٹوک موقف اپنانے پر دفتر خارجہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری داخلہ تہمینہ جنجوعہ نے بھی شرکت کی اور امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے دورہ پاکستان اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے بریفنگ دی۔

تہمینہ جنجوعہ نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان نے فلسطین پر واضح موقف اپنایا حیران کن طور پر بھارت نے بھی قرار داد کے حق میں ووٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے دورہ پاکستان کے دورن انہوں نے وزیر اعظم،وزیر دفاع، خارجہ اور داخلہ امور کے وزیر سے ملاقات کی۔پاکستان نے جیمز میٹس کے سامنے افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کا معاملہ اٹھایا اور انہیں بتایا گیا کہ پاکستان میں محرم کے دوران 9 دہشتگرد حملوں میں سے 8 افغانستان سے ہوئے، ان سے کالعدم تحریک طالبان، القاعدہ اور داعش کے مسئلے پر بھی بات ہوئی۔ سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کا معاملہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔