سندھ اورپنجاب کے احتساب میں زمین آسمان کا فرق ہے ٗ ہمیں نیب چیئرمین سے اچھی امیدیں ہیں، خورشید شاہ

 
0
315

لاڑکانہ دسمبر 23(ٹی این ایس)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ سندھ اورپنجاب کے احتساب میں زمین آسمان کا فرق ہے لیکن ہمیں نیب چیئرمین سے اچھی امیدیں ہیں، آئندہ انتخابات کے لیے پیپلز پارٹی تیار ہے، جمہوری طریقے سے انتخابات میں حصہ لیں گے،بلاول بھٹو زرداری کے جلسوں نے مخالفین کی نیندیں اڑا دیں ہیں،سیاسی پارٹیوں کے اندر مائنس فارمولے کو نہیں مانتے اگر ایسا ہوتا تو عمران خان بھی مائنس ہوجاتا۔لاڑکانہ کے علاقہ رتوڈیرو میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ نوازشریف کو اپنی گفتگو میں دھمکی آمیز لہجے سے پرہیزکرنا چاہیے، اداروں سے جنگ مناسب نہیں، اس سے ملک کو نقصان ہوسکتا ہے، عمران خان کی عمر 66 برس ہے، وہ اورمیں ہم عمرہیں، وہ پہلے خیبر پختونخوا پر توجہ دیں، پھر انہیں سندھ آنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ امریکی عوام پرامن ہے لیکن صدرٹرمپ دنیا کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستان سمیت 135 ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف ووٹ کرکے فلسطین کی حمایت کرنا ایک بڑی فتح اور تبدیلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امداد بند کرنے کے دھمکی کی پرواہ نہیں ہم فلسطین کی حمایت کے فیصلے سے دستبردار نہیں ہونگے۔پاکستان کے اندر امریکی تعاون سے جاری منصوبوں پر کوئی فرق نہیں پڑ سکتا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے غلط فیصلے نے امریکہ پر اثرات چھوڑ دیئے ہیں، ٹرمپ امریکا کو دنیا میں تنہا کرنے کی جانب لے جا رہا ہے۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے لیے بجٹ مختص کیا جاتا ہے جس میں اضافے کی ضرورت ہے کم بجٹ کے باوجود سندھ کے اندر تعلیمی ادارے، میڈیکل اور انجنیئرنگ کالجز تعمیر کیے گئے ہیں، پرائمری تعلیم کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ اعلی تعلیم کے حوالے سے جس طرح ہائیر ایجوکیشن کمیشن ہے اسی طرح پرائمری تعلیم کے لیے بھی کمیشن تشکیل دیا جائے جس کے لئے میں نے وزیراعلی سندھ کو تجویز دی ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے گذشتہ انتخابی مہم کے دوران جو پروگرام ترتیب دیا تھا اس پر پورا اترے ہیں اور اس پر عمل درآمد بھی کیا گیا ہے۔ سندھ کے اندر ریکارڈ ترقیاتی کام کرواکر نوکریاں بھی دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم احتسابی عمل کے حمایتی ہیں لیکن احتساب ایمانداری کی بنیاد پر ہونا چاہیے، تعصب کے بنیاد پر احتساب کی مخالفت کریں گے، عمران خان کو سندھ میں شکست دیں گے۔