پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کرسمس منا رہی ہے

 
0
368

اسلام آبا د،دسمبر25(ٹی این ایس):پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس منا رہی ہے،مسیحی برادری نے کرسمس تقریبات کو منانے کے لیے گرجا گھروں میں عبادات کا آغاز کر دیا۔ ویٹی کن سٹی میں خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا، پوپ فرانسس نے پناہ گزینوں کے ساتھ عزت اور احترام کے ساتھ پیش آنے اور ان کی مدد کرنے پر زور دیا۔ گزشتہ شب مسیحی برادری کے افراد نے ملک بھر کے چرچز میں منعقدہ دعائیہ تقریبات میں شرکت کی، سانتاکلاز کے لباس میں ملبوس افراد نے بچوں میں تحائف تقسیم کئے،تقریبات میں ملک کی سلامتی و استحکام اور دنیا بھر میں امن وامان کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ کرسمس کے موقع پر صدرممنون حسین نے اپنے پیغام میں مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی برادری کی وطن عزیز کی ترقی، استحکام اور طبی و تعلیمی شعبوں میں خدمات پر پاکستانی قوم اور حکومت پاکستان دل سے ان کی قدر کرتی ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ حب الوطنی سے سرشارمسیحی برادری کا ملک کی ترقی، خوشحالی میں کردار برقرار اور اس میں مزید تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کی بنیادی روح یہ ہے کہ خوشیوں کو بانٹا جائے اورتمام انسانیت سے پیار کیا جائے۔