فریضہ حج کے دوران معاونین کی ڈیوٹی سرانجام دینے کے لیے ایگزیکٹو کیڈر کے68 افسران ، منسٹریل کیڈر کے7 ملازمین کے ناموں کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب 

 
0
518

لاہو ر،دسمبر 28 (ٹی این ایس): آئندہ سال 2018 ء میں فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران پاکستانی حجاج اکرام کی رہنمائی اور مدد کیلئے پنجاب پولیس کی جانب سے جانے والے افسران و اہلکاروں کے انتخاب کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں قرعہ اندازی کا انعقادکیاگیا جس میں گریڈ 7سے 17تک75 افسران واہلکاروں کے نام نکالے گئے۔ قرعہ اندازی میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ خرم علی شاہ ، اے آئی جی ڈسپلن شہزاد اکبرسمیت دیگر افسران و اہلکار موجود تھے۔

قرعہ انداز ی میں صوبے کے تمام اضلاع میں ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس ، پی ایچ پی ، انویسٹی گیشن، ٹریننگ اور سی ٹی ڈی سمیت مختلف شعبوں میں کام کرنے والے ہزاروں امیدواروں نے درخواستیں ارسال کی تھی جن میں سے 75 خوش نصیبوں کا انتخاب شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا ۔ منتخب ہونے والے افسران و اہلکاروں کی عمر 25سے 50 برس جبکہ کم سے کم تعلیم میٹرک ہے ۔ یہ افسران و اہلکاروزارت مذہبی امور کے تعاون سے حج کے موقع پر حجاز مقدس جائیں گے اور حج کیلئے جانے والے پاکستانی حجاج صاحبان کی راہنمائی اور مدد کے فرائض سر انجام دیں گے۔