جناح ہسپتال کے ڈاکٹر حامدنواز کے بیٹے کے قتل کی میں ملوث3 ملزمان گرفتار

 
0
469

لاہور،دسمبر 28 (ٹی این ایس):سی آئی اے صدر پولیس نے ٹاؤن شپ کے علاقے میں جناح ہسپتال کے ڈاکٹرحامدنواز کے 17سالہ بیٹے عبداللہ کی چند ماہ قبل ہونے والی اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگا کر اس واردات میں ملوث3ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ۔سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے اندھے قتل کے حل طلب مقدمات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سی آئی اے سید ندیم عباس کو ان وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے احکامات دیئے ۔ جس پر ایس پی سی آئی اے نے مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر انہیں شہر میں اندھے قتل کی وارداتوں کا سراغ لگا کر ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کاٹارگٹ دیا۔

ڈی ایس پی سی آئی اے صدر انور سعید کنگرہ کی سربراہی میں سب انسپکٹر مظہراقبال اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جناح ہسپتال کے ڈاکٹر حامد نواز کے بیٹے مقتول عبداللہ کے اندھے قتل کی واردات میں ملوث تین ملزموں فرخ سمیع عرف مون، محمد رمضان عرف خانی اور ارباز خان کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوران تفتیش ملزموں نے بتایا کہ ملزم ارباز خاں نے 28جولائی2017کو مقتول عبداللہ کو فون کر کے ٹاؤن شپ بلایا اور ہیروئن کا انجکشن بھر کر عبداللہ کے بازو میں لگا دیااس کے بعد بدنام زمانہ منشیات فروش فرخ سمیع کے گھر چلے گئے اور عبداللہ کو ہیروئن ایس این آئی ایف ایف کروائی جس سے اس کی حالت بہت خراب ہو گئی اور وہ میٹرس پر پڑا رہا اور اس کی موت واقع ہو گئی اور 24گھنٹے بعد فجر کے وقت فرخ سمیع عرف مون اور رمضان عرف خانی نے مقتول عبداللہ کی نعش اور موٹر سائیکل ٹاؤن شپ میں 1122دفتر کے سامنے پھینک دی اور اس کے موبائل فونز اس کی جیب میں ڈال دیئے تا کہ روڈ ایکسیڈنٹ ظاہر ہو اور وہاں سے فرار ہو گئے۔

سی سی پی او لاہورکیپٹن (ر) محمد امین وینس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگاکر ملزموں کو گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔