پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مہم:صوبہ بھر سے گھروں، ہسپتالوں،واسا پلانٹس سمیت منرل واٹر بوتلوں کے نمونے لیبارٹری روانہ

 
0
475

تمام اشیاء خوردونوش کا سالانہ سیمپلنگ اور ٹیسٹنگ کا مکمل اور باقاعدہ نظام لاگو کر دیا گیا ہے‘نورالامین مینگل 
لاہور،دسمبر 28 (ٹی این ایس): پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر کہ مختلف علاقوں سے پانی کے نمونے حاصل کر کے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ۔ڈائریکٹرجنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر کہ مختلف شہروں سے پانی کے نمونے حاصل کرکے ٹیسٹ کے لئے لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں۔

نمونے گھروں، ہسپتالوں،واسا پلانٹس ، منرل واٹر کمپنیوں کے پلانٹس سمیت کل324مقامات سے نمونے لئے گئے ہیں۔ مختلف سٹورز پر موجود منرل واٹر کمپنیوں کے سٹاک کے بھی نمونے اکٹھے کئے گئے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید واضع کیا کہ سال میں 4بار تمام علاقوں کا پانی ٹیسٹ کروایا جاتا ہے اور نتائج عوام کیساتھ شئیر کئے جاتے ہیں ۔گزشتہ تجزیے میں جن علاقوں میں واسا پانی کے مسائل سامنے آئے تھے ان علاقوں کی نشاندہی واسا انتظامیہ کو بھی کر دی گئی تھی۔ واسا ٹیموں نے خصوصی آپریشن کرتے ہوئے تمام علاقوں کے فلٹرز تبدیل کروائے تھے تاہم سیمپلنگ کے نتائج کے بعد تمام صورت حال واضح ہو جائے گی۔ ہر بار کی طرح اس بار بھی تمام علاقوں میں پانی کے معیار کی صورت حال سے عوام الناس اور متعلقہ انتظامیہ کو مطلع کر دیا جائے گا تاکہ عوام اور انتظامیہ صاف پانی کے حوالے سے بروقت قلیل اور طویل المدتی اقدامات اٹھا سکیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے مزید بتایا کہ پانی کے علاوہ دیگر تمام اشیاء خوردونوش کا سالانہ سیمپلنگ اور ٹیسٹنگ کا مکمل اور باقاعدہ نظام بنا دیا ہے ۔ ہر قسم کی اشیاء خوردونوش سال میں طے شدہ شیڈول کے مطابق ٹیسٹ ہوں گی جن کے نتائج سے عوام کو جاخبر رکھیں گے۔