کسی بھی لیڈر کے صادق اور امین ہونے سے متعلق فیصلہ کرنے کا حق صرف پاکستانی عوام کے پاس ہے، طلال چوہدری

 
0
570

اسلام آباد ،جنوری03(ٹی این ایس):وزیر مملکت برائے داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کسی بھی لیڈر کے صادق اور امین ہونے سے متعلق فیصلہ کرنے کا حق صرف پاکستانی عوام کے پاس ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ نواز شریف کے مخالفین کو اہلیت سے متعلق کتنے سرٹیفیکیٹ دیئے جارہے ہیں، آخری فیصلہ پاکستان کے عوام کا ہو گا اور یہ فیصلہ 2018 ء کے انتخابات میں سامنے آئے گا اور اس وقت ہر کوئی دیکھے گا کہ کون صادق اور امین ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 ء کے انتخابات میں لوگ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے کر ایک بار پھر نواز شریف پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے، 2013 ء میں لوگوں نے نواز شریف کو وزیر اعظم منتخب کیا اور اب 2018 ء میں ایک بار پھر ووٹ دے کر نواز شریف کو صادق اور امین ثابت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران جیسے لوگوں کو صادق اور امین کا سرٹیفیکیٹ دیا جا رہا ہے تو شکر ہے کہ نواز شریف کو ایسا سرٹیفیکیٹ نہیں ملا اور نہ ہمیں ایسے سرٹیفیکیٹ کی ضرورت ہے، وزیر مملکت نے کہا کہ ان لوگوں کاکبھی امپائر کی انگلی پر آسرا تھا اور اب نجومیپر ہے، ایسا لگتا ہے کہ آخرمیں ان کی ساری سیاست اور زندگی صرف نجومیوں اور حکیموں پر رہ گئی ہے لیکن دونوں ان کے کام نہیںآئیں گے۔