کراچی:اساتذہ کامطالبات کےحق میں احتجاج،پولیس کالاٹھی چارج اورآنسو گیس کی شیلنگ

 
0
771

کراچی جنوری 4(ٹی این ایس):  کراچی میں اساتذہ نے پریس کلب کے سامنےاپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا،اساتذہ نے تعلیم کاعلامتی جنازہ بھی اٹھایا ہوا تھا، پولیس نے مظاہرین کو بلاول ہاؤس کی جانب روکنے کیلئےلاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں سرکاری سکولوں کے اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔شرکاٰء نے پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ اساتذہ کے مختلف مطالبات ہیں۔ جس میں مستقل کرنے کا مطالبہ ہےاور ابھی تک کنٹریکٹ اساتذہ کی تنخواہیں بھی روکی ہوئی ہیں۔

دوسری جانب وزیرتعلیم سندھ نے اعتراف کیا کہ اساتذہ کی یہ سیاسی بھرتیاں کی گئیں۔ ان اساتذہ کے دوبارہ ٹیسٹ لیے جائیں گے جو اساتذہ امتحان پاس کریں گے انہی اساتذہ کو مستقل کیا جائے گا۔ تاہم آج اساتذہ نے احتجاجی مظاہرہ کے دوران بلاول ہاؤس کی جانب مارچ کی کوشش کی تو پولیس نے بلاول ہاؤس سے ملحقہ سڑکیں بلاک کردیں اور اساتذہ کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔ اس موقع پر پولیس نے متعدد اساتذہ کوحراست میں بھی لے لیا۔