سندھ حکومت سے نجات کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کی واحد امید ہے،علی اکبر گجر 

 
0
275

کراچی جنوری 4(ٹی این ایس)پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کراچی سمیت سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں میں بد ترین بلدیاتی مسائل پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کروڑوں روپے کے اشتہارات سے دنیا کو گمراہ کرنے کی بجائے وہی رقم سندھ کے عوام کے بلدیاتی مسائل کے حل پر خرچ کرتی تو آج سندھ کے دارلحکومت سمیت صوبے کے شہری اور دیہی علاقے کے عوام ابلتے گٹروں اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں سے نجات حاصل کر چکے ہوتے. وزیر اعلی سندھ کراچی کے عوام کی حقیقی پریشانیوں سے ناواقف ہیں کالے شیشوں اور درجنوں پولیس موبائلوں کی بارات کے بغیر سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کے بلدیاتی مسائل کا جائزہ لیں توانہیں علم ہوگا کہ سندھ کے عوام پاکستان کے سب سے مظلوم شہری ہیں. سندھ کے عوام اشتہارات کی بجائے حقیقی ترقی کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میان محمد نواز شریف کے ترقی کے ایجنڈے کا ساتھ دیں پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے پارٹی رہنمائی سلطان بہادر خان، علی عاشق گجر، محمد فاضل عباسی، فصیح الرحمن، سردار محمد نذیر، اقبال خاکسار، چوہدری اسد حسین، رانا عارف اور اعجاز باجوہ کے ہمراہ کراچی شہر کے مختلف علاقوں کے ہنگامی دورے کے بعد ایک بیان میں حکومت سندھ کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام کو بد ترین نا اہل صوبائی حکومت کی وجہ سے سنگین ترین بلدیاتی مسائل کا سامنا ہے. علی اکبر گجر نے کہا کہ سندھ کے عوام کے کروڑوں روپے خرچ کرکے گمراہ کن اشتہارات کے ذریعے سندھ میں جھوٹی کارکردگی اور ترقی کے دعوے دار سندھ کے حکمران شہر قائد کے کسی بھی رہائشی علاقے کا دورہ کر کے دیکھیں ماضی کا خوبصورت شہر کراچی ابلتے گٹروں اور کھنڈرات بنی سڑکوں کا قبرستان بنتا جا رہا ہے. سندھ کی حکمران جماعت اشتہارات میں جس ترقی کے دعوے کر رہی ہے عملا سندھ کے کسی ایک انچ پر بھی وہ ترقی موجود نہیں. سندھ تاریخ کے بد ترین مسائل کا شکار ہے۔ صوبے کی سڑکیں گلیاں ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے کھنڈرات بن چکی ہیں تو دوسری طرف سندھ کے قبرستان قبضوں اور گندگی کے وہ تاج محل بن چکے ہیں جو سندھ حکومت کے کروڑوں روپے کے اشتہارات میں دکھائے جا رہے ہیں.