امریکی صدر کی ہرزہ سرائی سے قوم کے جذبات مجرو ح ہوئے ٗایم ایم اے 

 
0
6453

کراچی جنوری 4(ٹی این ایس)امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان پربددیانتی کے الزامات کی بوچھاڑ اغیار کی جنگ میں کودنے کی بھیانک نتائج کا آغاز ہے ٗ روز اول سے مؤقف تھا پرائی جنگ میں کودنے کے مثبت اثرات نہیں ہوں گے جرأت مندانہ فیصلے کرکے قومی عزت و وقار کو مجروح ہونے سے بچایاجائے،متحدہ مجلس عمل کی ایک بار پھر بحالی محب وطن عوام کیلئے سال نو کا تحفہ ہے،ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء اسلام کی میزبانی میں بابر قمر عالم کی رہائش گا ہ پر منعقدہ ہونے والے متحدہ مجلس عمل میں شامل دینی جماعتوں کے صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں جے یوآئی کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ راشدخالد محمود سومرو، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی،جے یوآئی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد اسلم غوری،جامعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہیتو،امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی،جے یوپی کے مفتی محمد ابراہیم قادری،مفتی محمد غوث صابری،مرکزی جمعیۃ اہل حدیث کراچی کے امیر محمد افضل سردار،اسلامی تحریک سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس نقوی،جے یوآئی رہنماء مولانا عبدلکریم عابد، مولانا عبداللہ جرارپہوڑ،ڈاکٹرنصیرالدین سواتی،علامہ جعفر سبحانی،مجاہد چنا، حافظ نصراللہ،کاشف سعید شیخ،محمد حلیم خان غوری،سید عامر نجیب،مولانا یوسف عالم،سمیع سواتی،اشرف قریشی،یعقوب شہباز،سیدمسلم رضا،ذولفقار علی ودیگر نے شرکت کی،اس موقع پر مولانا راشد محمود سومرو ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور متحدہ مجلس عمل کے دیگر صوبائی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کی نااہل حکومت سے مکمل مایوس ہوچکے ہیں،گنے کے کاشت کاروں اور این ٹی ایس پاس اساتذہ پر بے رحمانہ تشدد سے حکومتی جبر واضح ہوچکاہے،کسانوں کے معاشی قتل عام سے حکومت کی عوام دشمن پالیسی عیاں ہوچکی ہے،متحدہ مجلس عمل سندھ کے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے معاشی حب کراچی میں مسائل کے انبار ہیں شہریوں کا پورا پورا دن بھر ٹریفک کی نذر ہورہاہے کراچی کے حسن کو غلاظت اور گندگی کے ڈھیر نے مکدر کردیا ہے صوبائی اور شہری حکومت تاحال دعوؤں سے ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھی، کراچی کی دن بدن ابتر صورتحال سے شہریوں میں مایوسی کی لہر پھیل چکی ہے،متحدہ مجلس عمل کے رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ چاروں طرف سے مسائل کے دلدل میں گھیرے وطن عزیز اور خصوصا سندھ میں متحدہ مجلس عمل کی بحالی عوام کیلئے امید کی آخری کرن ہے آنے والے انتخابات میں عوام متحدہ مجلس عمل کو بھرپور پذیرائی دیکر قومیاور ملی یکجہتی کا اظہار کریں گے۔