تعلیم کا حصول ملکی ترقی ،جدید دور کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے ناگزیر ہے، شاہد خاقان عباسی

 
0
378
اسلام آباد جنوری 4(ٹی این ایس) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تعلیم کا حصول ملکی ترقی ،جدید دور کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے ناگزیر ہے، طلباء سخت محنت ،پرعزم کوششوں سے تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کو تمام شعبوں میں کامیابی کے راستے پر آگے بڑھائیں۔ علم کی جستجو پوری زندگی جاری رہتی ہے، طلباء زیادہ سے زیادہ آگاہی کیلئے اپنی تحقیق میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔وزیراعظم نے یہ بات جمعرات کو سٹیزن فائونڈیشن گڈاپ اور مہوش اینڈ جہانگیر صدیقی فائونڈیشن سکول میرپور خاص کے طلباء و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
وزیراعظم کی طلباء سے یہ ملاقات اس سلسلہ کی کڑی ہے جس میں ملک کے مختلف سکولوں اور کالجز سے آئے بچوں اور طالبعلموں کی ملاقات اعلیٰ حکومتی عہدیداران سے کرانے کیساتھ ان کو ملک کے پارلیمانی نظام اور اعلیٰ حکومتی و انتظامی امور کے حوالہ سے آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔وزیراعظم نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر سے باصلاحیت طالبعلموں نے کئی کامیابیاں سمیٹی ہیں اور ان کی لگن اور جانفشانی کی بدولت ہی بانیان پاکستان کا خواب شرمندہٴ تعبیر ہو سکتا ہے۔
انہوں نے طالبعلموں کو تاکید کہ بالخصوص سائنسز پر توجہ مرکوز کریں کیونکہ اس میں آگے بڑھنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا حصول ملکی ترقی اور جدید دور کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ علم کی جستجو پوری زندگی جاری رہتی ہے، طالب علم زیادہ سے زیادہ آگاہی کیلئے اپنی تحقیق میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت و تعلیم کے شعبوں پر توجہ دے رہی ہے، اگرچہ 18ویں ترمیم کے بعد یہ شعبے صوبوں کو تفویض کر دیئے گئے ہیں تاہم وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور ان شعبوں کو مزید تقویت دینے کیلئے تمام تر تعاون فراہم کر رہی ہے جنہیں ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا۔اس حوالے سے وزیراعظم نے حکومت کی معاونت کرنے پر نجی شعبہ کے کردار کو سراہتے ہوئے تعلیم کے اعلیٰ معیارات کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم کو سٹیزن فائونڈیشن گڈاپ اور مہوش اینڈ جہانگیر صدیقی فائونڈیشن سکول میرپور خاص کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے طالبعلموں سے ان کی غیر نصابی سرگرمیوں اور مشاغل کے بارے میں بھی استفسار کیا۔طالب علموں نے اس موقع پر قومی نغمہ بھی پیش کیا جس سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے انسداد کیلئے ان کے پختہ ارادے اور ہر قسم کے خطرات کیخلاف مادر وطن کے دفاع کے ان کے عزم کی عکاسی ہو رہی تھی۔ طالب علموں نے وزیراعظم آفس کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں مختلف وزارتوں اور محکموں کے امور کار بارے آگاہ کیا گیا۔