ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے روڈ ٹریفک حادثات کا سالانہ جائزہ لیا

 
0
1190

لاہور جنوری 4 (ٹی این ایس) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) ڈاکٹر رضوان نصیر نے گذشتہ روز روڈ ٹریفک حادثات میں ریسکیو سروس کی فراہمی کے حوالے سے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ میٹنگ میں سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ پنجاب ایمرجنسی سروس نے گذشتہ سال 311716 ایمرجنسی متاثرین کو 265510 روڈ ٹریفک حادثات میں ریسکیو کیا۔ان اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ سال میں 2016میں وقوع ہونے والے 238782ٹریفک حادثات کے مقابلے میں 12فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ریسکیو سروس نے اب تک کل سترہ لاکھ اکیس ہزار195ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ سال لاہور میں کل53979حادثات، فیصل آباد میں 23731اور گوجرانوالہ میں کل 15535حادثات رونما ہوئے جبکہ سب سے کم 1773حادثات چکوال میں وقوع پذیر ہوئے۔ تاہم راولپنڈی، رحیم یار خان، بہاولنگر، جھنگ، نارووال اور وہاڑی میں ٹریفک حادثات میں کمی دیکھی گئی جبکہ دیگر تمام اضلاع میں حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ڈی جی ریسکیو پنجاب نے اس بات کا جائزہ لیا کہ ٹریفک حادثات ہی زخمی ہونے کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔ کل 311716زخمیوں میں 34697سر کی چوٹ، 6199ریڑھ کی ہڈ ی کی چوٹ، 17039ایک سے زیادہ ہڈی ٹوٹنے کی ایمرجنسیز، 524540سنگل فریکچرجبکہ 201331(65فیصد)افراد دیگر وجوہات کی وجہ سے متاثر ہوئے۔ ڈی جی ریسکیو پنجاب نے اس بات کا بغور جائزہ لیا کہ ان حادثات کی وجہ سے خواتین کی نسبت مردسب سے زیادہ 78فیصد متاثر ہوئے۔ اعدادو شمار کے جائزہ کے مطابق 45فیصد حادثات کی وجہ اوورسپیڈنگ،33 فیصد غیر محتاط ڈرائیونگ،13فیصد غلط مڑنے کے سبب، جبکہ 7فیصد دیگر وجوہات کی بنا پر متاثر ہوئے۔ون ویلنگ کے کل 175کیس درج ہوئے۔ مزید برآں 84فیصد حادثات میں موٹر بائیکس، کاریں تین فیصد، چار فیصد رکشہ، پیدل چلنے والے چھ فیصد، جبکہ تین فیصد ویگن، بسیں اور ٹرکوں کے حادثات پیش آئے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پراونشیل مانیٹرنگ سیل کی کارکردگی کو سراہاتے کہا کہ پی ایم سی منظم انداز میں مانیٹرنگ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے روڑ ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 3829افراد کی اموات،110389افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی وقت کی اہم ضرورت ہے اور انہوں نے عوام الناس کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور حفاظتی تدابیر اپنانے پر زور دیا جبکہ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ ڈرائیونگ میں اپنے بچوں اور رشتہ داروں کو کم عمری میں ڈرائیونگ سے روکنے اور ڈرائیونگ کے دوران سیفٹی ہیلمٹ پہنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ میٹنگ کے شرکاء میں پراونشل مانیٹرنگ آفیسر رفعت ضیاء، رجسٹرار ایمر جنسی سروسز اکیڈمی ڈاکٹر فرحان خالد،ڈی ڈی ایچ آر ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا، ڈی ڈی پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ فہیم احمد قریشی،ڈی ڈی (آپریشنز) ایاز اسلم، ہیڈ آف پراونشل مانیٹرنگ سیل نعیم مرتضیٰ، ڈی ڈی (رپیئر اینڈ مینٹیننس)انجینئر عرفان نصیر اور دیگر آفیسرز شامل تھے۔