حزب اختلاف کا کام ہی حکومت کو ٹف ٹائم دینا اور گرانا ہوتا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا غفور حیدری

 
0
1239

اسلام آباد جنوری 5(ٹی این ایس)اسپیکر قومی اسمبلی کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا غفور حیدری نے کہا ہے کہ بطور آئینی ادارے کے ذمہ دار حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کا خواہاں ہوں لیکن جو فضا بنادی گئی ہے اس میں اسمبلیوں کی مدت پوری ہوتے نہیں دیکھ رہا۔اپنے بیان میں مولانا غفور حیدری نے کہا کہ بلوچستان میں تبدیلی آتی ہے تو مارچ میں سینٹ الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے جبکہ اگر یہ تبدیلی آئی تو اس کا رخ سندھ اور خیبر پختونخوا کی طرف بڑھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تبدیلی کے پیچھے نادیدہ قوتوں کا ہاتھ ہے یا نہیں کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن یہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کا نادیدہ قوتوں سے کوئی رابطہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان، آصف علی زرداری اور طاہرالقادری ٹرایکا حکومت کو مارچ سے پہلے گرانا چاہتا ہے۔مولانا غفور حیدری نے کہاکہ جے یو آئی (ف) بلوچستان میں اپوزیشن جماعت ہے اور حزب اختلاف کا کام ہی حکومت کو ٹف ٹائم دینا اور گرانا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تبدیلی مسلم لیگ (ق) اور (ن) لیگ کا ایک دھڑا مل کر لا رہا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کو گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔