بھارتی فلم ’پدماوتی‘ کا نام تبدیل کرکے نمائش کیلئے پیش کیے جانے کا سرٹیفکیٹ جاری

 
0
446

ممبئی جنوری 7(ٹی این ایس)بولی وڈ کی تاریخی فلم ’پدماوتی‘ کا نام تبدیل کرکے اسے نمائش کے لیے پیش کیے جانے کا سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا۔اب یہ فلم ’پدماوتی‘ کے بجائے ’پدماوت‘ کے نام سے رواں ماہ 25 جنوری کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ ’پدماوتی‘ کو یکم دسمبر 2017 کو ریلیز کیا جانا تھا، تاہم ہندوستان کی راجپوت سینا تنظیموں کی جانب سے سخت احتجاج کے بعد فلم کی نمائش مؤخر کردی گئی تھی۔راجپوت سینا تنظیموں کا کہنا تھا کہ فلم میں رانی پدمنی یعنی پدماوتی کی تاریخ کو مسخ کرکے پیش کیا گیا، جب کہ فلم کی ٹیم نے ایسے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

بعد ازاں بھارت کے فلم سینسر بورڈ نے مؤرخین کو’پدماوتی‘ دکھانے کا اہتمام بھی کیا، جنہوں نے فلم میں چند تبدیلیاں کرنے کی تجویز پیش کی۔مؤرخین کے پینل نے فلم کا نام تبدیل کرنے سمیت ’گھومر‘ گانے میں بھی چند تبدیلیاں کرنے کی تجویز پیش کی۔اس تجویز کے بعد سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) نے فلم کی ٹیم کو فلم کا نام ’پدماوتی‘ سے تبدیل کرکے ’پدماوت‘ رکھنے کا حکم دیا۔

ممبئی مرر کے مطابق اب فلم کو ’پدماوت‘ کے نام سے 25 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا تاہم ساتھ ہی اب ’پدماوت‘ کا مقابلہ اکشے کمار کی فلم ’پیڈ مین‘ سے ہوگا، جو 26 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔دوسری جانب انوشکا شرما کی فلم ’پری‘ سے متعلق بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کی نمائش بھی مؤخر کردی جائے گی۔’پدماوت‘ اور ’پیڈ مین‘ کی ایک ساتھ نمائش ہونے سے اب خیال کیا جا رہا ہے کہ دپیکا پڈوکون کی فلم توقعات سے کم بزنس کرے گی۔