پشاور ،جنوری15(ٹی این ایس):گورنر خیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفر جھگڑانے کہاہے کہ وکلاء برادری نے وطن عزیز میں قومی اداروں کی ترقی ، عدلیہ کی آزادی ، جمہوری اقدار کے فروغ، معاشرے میں منصفانہ بنیادوں پر سماجی اقدار کے استحکام اور عوام کی اظہار رائے کی آزادی کے سلسلے میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔وہ پیر کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں صوابی سے وکلاء کے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے دانیال خان کی سربراہی میں گورنرسے ملاقات کی۔
وفد میں اسرارخان، جمال سیدخان، اسفندیارخان اورفخرعالم سمیت دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔ گورنرنے کہاکہ وہ معاشرے کے ایک باوقار طبقے کے رکن ہیں اور قوم کو ان سے فوری انصاف کی فراہمی کیلئے قابل قدرکردار ادا کرنے کی توقع ہے۔ وفد کے شرکاء نے گورنرکو صوابی کے وکلاء کودرپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا اوران کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔ گورنرنے اس سلسلے میں وفد کواپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔













