نیب کی جانب سے حدیبیہ پیپر ملز کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی اپیل دائر

 
0
358

اسلام آباد، جنوری 15 (ٹی این ایس): قومی احتساب بیورو(نیب)نے حدیبیہ پیپر ملز کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی اپیل دائر کردی۔ سپریم کورٹ نے حدیبیہ کیس کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے نیب کی اپیل زائد المیعاد ہونے کی بنیاد پر خارج کردی تھی۔

نیب نے نظرثانی اپیل میں عدالتِ عظمی کے 15 دسمبر کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیرا 27، 23، 6اور 32پر نظرثانی کی جائے اور فریقین کو نوٹسز جاری کئے جائیں۔

اپیل کے متن میں ہے کہ گزشتہ برس 20 اپریل کو سپریم کورٹ کے 2 ججز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا جبکہ 3 ججز نے معاملے پر مزید تحقیق پر زور دیا۔عدالت نے تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی،جس نے 10 جولائی کو اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کردی، 20 جولائی کو جے آئی ٹی کی روشنی میں ہی حدیبیہ کیس میں نظرثانی دائر کرنے کا فیصلہ ہوا اور 21 جولائی کو نظرثانی دائر کرنے کی عدالت کو یقین دہانی کرائی،سپریم کورٹ نے 3دن کی سماعت کے بعد مختصر فیصلے سے نیب اپیل خارج کی۔

نیب نے استدعا کی ہے کہ حدیبیہ کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے میں نقائص ہیں اس لئے اس پر نظرثانی کی جائے، نیب کی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل منظور کرکے اپیل پر زائد المیعاد کی قدغن کو کالعدم قرار دیا جائے۔