راولپنڈی، جنوری 17 (ٹی این ایس): ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گلزار احمد خالد نے بدھ کو سول جج/ جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی یاسر مشتاق ساہی کے ہمراہ اڈیالہ جیل کا دورہ کیا اور وہاں انتظامات اور اسیروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

معزز جج صاحبان نے خواتین وارڈ، نوعمر وارڈ، اسیروں کے مظبخ، ہسپتال، اور تمام کوٹھریوں کا دورہ کیا اور قیدیوں کے مسائل بھی سنے۔

انھوں نے جیل کے اندر ٹیوٹا اورویمن ایڈ ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام قیدیوں کو مختلف ہنر سیکھائے جانے والے مراکز کا بھی دورہ کیا اور ان اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جیلوں سے رہائی کے بعد یہ اسیر بہتر اور خود انحصاری پر منی زندگی گذارنے میں کوئی مشکل نہیں آئے گی۔

جج صاحبان نے جیل میں صفائی، نظم وضبط اور اسیراں کو دی جانے والی سہولیات پر جیل انتطامیہ کی تعریف کی۔ انھوں نے اس موقع پر معمولی نوعیت کے مقدمات میں گرفتار دو قیدیوں کو ذاتی مچلکہ پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔















