شہبازشریف تالیاں بجانے پر قوم سے معافی مانگیں-خورشید شاہ

 
0
443

اسلام آباد جنوری 24(ٹی این ایس)قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ریپ کا شکار لڑکی کے قاتل کو پکڑ کر تالیاں بجانے سے ہزاروں بچوں اور ان کے والدین کی دل آزاری ہوئی ہے، جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس میں تالیاں بجانے سے زینب کے والدین کی دل آزاری ہوئی ہے اور یہ سب شہباز شریف کی جانب سے کی گئی۔انہوں نے کہا کہ جب پارلیمان دوسری باتوں پر مذمتی قرارداد پیش کرتی ہے تو ہمیں اس معاملے پر بھی قرار داد پیش کرنی چاہیے یا کم از کم اگر ہم میں انسانیت ہے تو اس واقعے کی مذمت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کل جس نے بھی اس پریس کانفرنس کو دیکھا اس کا سر شرم سے جھک گیا، وزیر اعلیٰ کو اپنے اس اقدام پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے اور کہنا چاہیے کہ مجھ سے غلطی ہوگئی۔خورشید شاہ نے کہا کہ پنجاب میں قصور جیسے ہزاروں واقعات ہوئے، ایسے واقعات پر وزیر اعلیٰ تالیاں کب بجوائیں گے، 2017 میں ریپ کے الزام میں 60 ملزمان کو پکڑا گیا لیکن کسی کو سزا نہیں ملی۔