الیکشن کمیشن نے نیشنل یوتھ اسمبلی کی جانب سے 2018کے عام انتخابات میں بطور رضاکار شرکت کی درخواست منظور کر لی

 
0
659

اسلام آباد،جنوری 24 (ٹی این ایس):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نیشنل یوتھ اسمبلی کی جانب سے عام انتخابات 2018ء میں بطور رضاکار شرکت کی درخواست منظور کر تے ہوئے کہا ہے کہ وہ آنیوالے سینیٹ اور عام انتخابات 2018ء کیلئے مکمل تیار ہے، الیکشن کمیشن انتخابی عمل میں مزید شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ڈیجیٹل ڈیوائس متعارف کرائیگا، پارلیمنٹ کو الیکشن نظام میں بہتری کیلئے پڑھے لکھے نوجوانوں کی شرکت کا خیرمقدم کرنا چاہئے۔ بدھ کو جاری بیان کے مطابق یہ بات ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر اختر نذیر، ڈائریکٹر جنرل ایڈمن اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈیئر (ر) محمد نعیم اختر قاضی، ڈائریکٹر جنرل جینڈر افیئرز نگہت صدیقی اور ظفر اقبال حسنین نے نیشنل یوتھ اسمبلی کو الیکشن کمیشن میں دی گئی بریفنگ میں بتائی۔ نیشنل یوتھ اسمبلی کے صدر حنان علی عباسی کی سربراہی میں 17 رکنی وفد نے لوکل گورنمنٹ الیکشن میں یوتھ کونسلرز کی نشست بحال کرنے کو سراہا۔ الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ مردم شماری 2018ء کے تحت قومی اسمبلی کے حلقوں کی تقسیم کے مطابق بلوچستان میں جنرل نشستیں 16، ویمن نشستیں 4 اور مجموعی نشستیں 20، کے پی کے میں جنرل نشستیں 39 اور خواتین کی نشستیں 9 جبکہ مجموعی نشستیں 48، پنجاب میں جنرل نشستیں 141، خواتین کی نشستیں 33 اور اس طرح مجموعی نشستیں 174، سندھ میں جنرل نشستیں 61، خواتین کی نشستیں 14 اور اس طرح مجموعی نشستیں 75، فاٹا میں 12 نشستیں جبکہ اسلام آباد میں 3 نشستیں ہوں گی۔

ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اہم اصلاحات گذشتہ سالوں میں متعارف کرائی گئیں۔ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی شفاف انداز میں تقرری، ووٹ رجسٹریشن کیلئے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کو لازمی قرار دینا، ووٹروں کی تصاویر والی فہرستوں کا اجراء، حلقوں کی مانیٹرنگ کی میکانزم اور الیکشن اخراجات کی مانیٹرنگ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں، انہیں انتخابی عمل میں مکمل طور پر شامل کرنے کیلئے تمام صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لانا ہوں گے۔ نیشنل یوتھ اسمبلی کے وفد میں حارث ذیشان خان، باسم نصیر، احتشان عباسی، عمر سعید، مدثر غلام نبی، عائشہ محمود، محمد حارث چوہدری، عطاء خان، محمد انور خان، رینا فیاض، سیّدہ سیما مجید، نصرت بتول، زنیرا ناز، احمد نذیر، عبدالباسط، سیّد عاقب شاہ، حمزہ اعجاز ستی، ولید عباسی، جواد علی، عبدالمتین خان، سیّد احسن افتخار، محمد حارث نعیم، راجہ زین رحمن، چوہدری وقاص، فہد جدون، شہباز احمد، میاں انیس شفین، مرزا تنزیل اختر، ظہور الحق، موسیٰ حیات، فرقان معروف، افتخار غفور، محمد نوید اقبال، جاوید مینگل، حافظ خرم امجد، فیضان حیدر ملک، محمد ذیشان، ڈاکٹر عثمان اختر، ممتاز قاضی، احمد حبیب، سیّد شجاعت علی، وقاص احمد ملک، ارسلان خان، چوہدری ابوبکر، ناصر فیاض اور دیگر شامل تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن اختر نذیر نے نیشنل یوتھ اسمبلی کی جانب سے مستقبل کی قیادت کی تیاری کے کردار کو سراہا۔