کابل میں کار بم دھماکہ ، 95 افراد ہلاک ،158 زخمی ہوگئے

 
0
611

کابل جنوری 27 (ٹی این ایس) افغانستان کے دارلحکومت کابل میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 95 افراد ہلاک اور 158 زخمی ہوگئے۔نجی ٹی وی نے افغان میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکہ دارلحکومت کابل میں وزارت داخلہ کی پرانی عمارت کے باہر دوپہر ایک بجے ہوا جس میں دھماکہ خیز مواد سے بھری ایمبولنس کو دو سیکیورٹی چیک پوائنٹس کے درمیان اڑا دیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متاثر ہونے والے بیشتر افراد عام شہری ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 95 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 158 افراد زخمی ہوئے ہیں۔افغان وزارت صحت کے ترجمان محمد اسماعیل کاوسی نے دھماکے سے ہونیوالی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کو شہر کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔ پاکستان نے کابل میں ہونیوالے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ دہشتگردی کسی مسئلے کا حل نہیں،پاکستانی عوام اور حکومت کابل میں ہونیوالے اس حملے کی مذمت کرتے ہیں اور ان خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں جن کے پیارے اس حملے میں جاں بحق و زخمی ہوئے۔