افغان سکیورٹی فورسز نے بارڈر پر پاکستان کی جانب سے لگائی جانے والی باڑ اُکھاڑ دی

 
0
556

حکم ہے کہ پاکستان کو سرحد پر باڑ نہ لگانے دی جائے۔ افغان سکیورٹی حکام
افغانستان ستمبر 24 (ٹی این ایس): بھارت کے بعد افغانستان کی ہٹ دھرمی بھی سامنے آگئی۔ افغان سکیورٹی فورسز نے بارڈر پر پاکستان کی جانب سے لگائی جانے والی باڑ اُکھاڑ دی ۔ افغان سکیورٹی حکام نے کہاکہ ہمیں حکم ہے کہ پاکستان کو سرحد پر باڑ نہ لگانے دی جائے۔ پاکستان کو سرحد پر باڑ لگانے سے منع کیا تھا لیکن پاکستان نے انکار کرتے ہوئے باڑ لگائی۔ پاکستان کے انکار پر خود ہی باڑ اُکھاڑ دی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس مئی میں وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر ایک سو اٹھائیس کلومیٹر باڑ کی تنصیب کا کام مکمل کیا گیا تھا۔ جس سے دہشت گردی اور دراندازی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ۔ شمالی وزیرستان میں 80 کلومیٹر سرحد باڑ لگا کر، جب کہ جنوبی وزیرستان میں 48 کلومیٹر سرحد باڑ لگا کر محفوظ بنائی گئی ۔ یہ اقدام افغانستان سے ملحقہ سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ، تاکہ سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کو روکا جا سکے۔
پاک افغان سرحد پر نظر رکھنے کے لیے تکنیکی نگرانی کا نظام بھی وضع کیا گیا ، جس کے تحت رات کو دیکھنے والے آلات ،اور ریڈار سسٹم اور دور بینوں کے ذریعے سرحد کی نگرانی کا عمل مزید سخت کردیا گیا ۔ حکام کے مطابق افغانستان سے متصل سرحد پر اب تک 209 کلومیٹر باڑ لگائی گئی ، جب کہ اس سال کے آخر تک پانچ سوکلومیٹر سرحد کو محفوظ بنایا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دسمبر 2019ء میں830کلومیٹر باڑ لگا کر منصوبہ مکمل کیا جائے گا، جس پر بارہ ارب روپے کی لاگت آئے گی۔
لیکن افغانستان نے ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے پاکستان کی جانب سے سرحد پر لگائے جانے والی باڑ کو اُکھاڑ دیا اور موقف دیا کہ پاکستان کو باڑ لگانے سے منع کیا گیا تھا ، ہمیں حکم ہے کہ پاکستان کو باڑ نہ لگانے دی جائے جس کی وجہ سے سرحد پر لگائے جانے والی باڑ اُکھاڑ دی گئی ہے۔