سعودی فوج نے جازان میں حوثیوں کا ایک اور بیلسٹک میزائل مار گرایا

 
0
557

حوثی سعودی شہری آبادی کو دانستہ طورپر نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں ،ترجمان سعودی اتحاد
ریاض ستمبر 23 (ٹی این ایس): سعودی عرب کی فضائی ڈیفنس فورس نے ہفتے کے روز یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل سرحدی شہر جازان میں ہدف تک پہنچنے سے قبل مار گرایا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مط ابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ ایک بیلسٹک میزائل جازان شہر پرداغا گیا تاہم سعودی ڈیفینس فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے میزائل مار گرایا۔
اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔یمن میں آئینی حکومت کی مدد کے لیے قائم عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب میں شہری آبادی کو دانستہ طورپر نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثی سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے جاری رکھ کر اقوام متحدہ کی قراردادوں 2231 اور 2216 کی مسلسل خلاف ورزی کررہے ہیں۔خیال رہے کہ حوثی باغی گذشتہ کئی ماہ سے سعودی عرب پرمسلسل بیلسٹک میزائل حملے کر رہے ہیں۔سعودی محکمہ دفاع کی طرف سے فوری کارروائی کرکے ان حملوں کو ناکام بنا کرکے ملک کو تباہی سے بچا لیا گیا۔