چینی سفیر کا پاکستانی قبائلی علاقوں کو 15 اسکول عطیہ کرنے کا اعلان

 
0
314

پشاور فروری 2( ٹی این ایس) پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ ژینگ نے قبائلی علاقوں کو 15 اسکول عطیہ کرنے اور صوبہ خیبر پختونخوا کے 200 پروفیشنلز کو چین میں تربیت دینے کا اعلان کردیا۔پشاور میں حکومتی شخصیات، مختلف وفود اور صحافیوں سے بات چیت میں چینی سفیر یاؤ ژینگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ دوستی مضبوط رکھنا چاہتا ہے اور قبائلی علاقہ جات میں تعلیمی سرگرمیوں میں مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔چینی سفیر نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ سی پیک کے تناظر میں خیبرپختونخوا کی اہمیت سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے راستے افغانستان اور وسطی ایشیا سے رابطہ ہوگا۔پاکستان میں دہشت گرد گروپوں کی موجودگی کے حوالے سے یاؤ ژینگ نے از راہ تفنن کہا کہ حقانی نیٹ ورک کی پاکستان میں موجودگی کا کابل میں بڑا چرچا سنا ٗ پاکستان آنے کے بعد سے گلیوں اور راستوں میں ڈھونڈ رہا ہوں تاہم یہ نیٹ ورک نظر نہیں آیا۔چینی سفیر نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردی کم کرنا امریکا اور نیٹو کی ذمہ داری ہے، چین افغانستان میں صرف سیاسی اعتماد سازی میں مدد کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں بھی مدد کرسکتا ہے۔چینی سفیر نے خیبرپختونخوا کے صحافیوں سمیت پروفیشنلز کو چین میں تربیت دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔