ملکی حالات جب بھی بدل رہے ہوتے ہیں وزیراعظم نااہل ہو جاتا ہے،کیپٹن (ر)صفدر

 
0
361

اسلام آباد فروری 2(ٹی این ایس) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سال میں حکومت اپنی لگ رہی تھی لیکن درحقیقت ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے،جب تک سیاستدانوں کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں ملک ترقی نہیں کرسکتا،فیصلے لکھے ہوئے ہوتے ہیں، جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا کو بھی لکھی ہوئی رپورٹ دی گئی،از خود نوٹس آلو اور پیاز کے نرخ پر نہیں ہوتے، مارشل لا لگنے اور ذوالفقاربھٹو کی پھانسی پر ہوتے۔اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدرنے کہا کہ گزشتہ چار سال میں حکومت اپنی لگ رہی تھی لیکن درحقیقت ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، کبھی دھرنے اور کبھی ڈان لیکس میں ہمارے ہاتھ باندھ دئیے گئے۔ جب تک سیاستدانوں کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں ملک ترقی نہیں کرسکتا، ملک کے حالات جب بھی بدل رہے ہوتے ہیں وزیراعظم نااہل ہو جاتا ہے، فیصلے لکھے ہوئے ہوتے ہیں، جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا کو بھی لکھی ہوئی رپورٹ دی گئی۔دوران گفتگو توہین عدالت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر نواز شریف کے داماد نے کہا کہ میں ہیروں والی جے آئی ٹی کے سامنے بھی پیش ہو گیا تھا تو سپریم کورٹ کے سامنے بھی پیش ہوجا ؤ ں گا۔ سپریم کورٹ ملک کا سپریم ادارہ ہے، اسے رولنگ اسٹون نہ بنائیں، از خود نوٹس آلو اور پیاز کے نرخ پر نہیں ہوتے، مارشل لا لگنے اور ذوالفقاربھٹو کی پھانسی پر ہوتے۔