ٹھٹھہ میں 9 سالہ لڑکی کا ’ریپ‘، 2 ملزمان گرفتار

 
0
298

ٹھٹھہ،فروری 05(ٹی این ایس):صوبہ سندھ کے ضلع ٹھٹھہ کے دھابیجی ٹاؤن میں 9 سالہ لڑکی سے مبینہ ریپ کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔دھابیجی تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) گل حسن کے مطابق پولیس نے دونوں ملزمان رضوان اور علی محمد کو گرفتار کرلیا جبکہ لڑکی کے والد عبدالحفیظ کی مدعیت میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) نمبر 2018/2 درج کرلی گئی، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی 34،364 اے اور 376 کی دفعات شامل ہیں۔ایس ایچ او کے مطابق ریپ سے متعلق دونوں ملزمان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ چھاپے کے دوران ایک ملزم رضوان نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا تھا۔دوسری جانب متاثرہ لڑکی کے والد نے ایف آئی آر میں بتایا کہ ملزمان کی جانب سے ان کی بیٹی کو جنسی تشدد کا نشانہ اس وقت بنایا گیا جب وہ بلال نگر کے علاقے میں ٹیوشن سینٹر سے واپس گھر آرہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ملزم رضوان اپنے دوست علی محمد کے ساتھ مل کر ان کی بیٹی کو ایک دکان میں لے کر گیا اور وہاں مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنایا۔اس بارے میں ایک پولیس افسر محمد عالم کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد لڑکی کو گھارو تعلقہ ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس کے ابتدائی طبی معائنے میں تشدد کی تصدیق ہوگئی۔