کنٹرول لائن پر جارحیت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی طلبی، احتجاجی مراسلہ تھما دیا گیا

 
0
320

اسلام آباد، فروری 16 (ٹی این ایس):  دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھما دیا ہے۔

دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے بٹل سیکٹر میں اسکول وین پر حملے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکو دفتر خارجہ طلب کرتے ہوئے احتجاجی مراسلہ تھما دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے اسکول وین کا ڈرائیور شہید ہوا۔ جنگ کے دنوں میں بھی اسکولوں اور اسپتالوں پرحملے نہیں کیے جاتے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت اشتعال انگیزی کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے ا من کو نقصان ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل بھارت نے ایک بار پھر سیز فائر معائدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بٹل سیکٹر میں اسکول وین پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وین ڈرائیور شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور ایل او سی پر شہری علاقوں کونشانہ بنارہا ہے۔