زینب قتل کیس فیصلہ ،انٹر نیشنل میڈیا کے نمائندے بھی کوٹ لکھپت جیل کے باہر موجود رہے

 
0
289

لاہور فروری 17(ٹی این ایس)قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی زینب کے کیس کامحفوظ کیا گیا فیصلہ سننے کیلئے قومی میڈیا کے ساتھ ساتھ عالمی میڈیا کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد بھی کوٹ لکھپت جیل کے باہر موجود تھی ۔ الیکٹرانک اور اخبارات سے وابستہ مقامی میڈیا کے علاوہ اہم غیر ملکی نشریاتی اداروں اوراخبارات کے نمائندے صبح سویرے ہی کوٹ لکھپت جیل کے باہر پہنچ گئے ۔ انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے زینب کے قاتل کو سنائی جانے والی سزا کے فیصلے کی خبر نہ صرف مقامی میڈیا بلکہ عالمی الیکٹرانک میڈیا میں بھی بریکنگ نیوز کے طور پر چلائی گئی ۔ پراسیکیوٹر جنرل احتشام قادر نے غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کو مجرم کو سنائی جانے والی سزا کے فیصلے بارے میں انگریزی زبان میں بریفنگ دی ۔