یورپ تارکین وطن کے معاملے پر یکجہتی دکھائے،جرمن چانسلر

 
0
317

سیاسی پناہ کا مشترکہ یورپی نظام ضروری،جرمن چانسلر کا انتباہ /یورپی رہنماؤں کا غیر رسمی اجلاس کل ہوگا
برلن،فروری 19(ٹی این ایس):جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے یورپی یونین کے رکن ممالک سے بلاک میں سیاسی پناہ کے مشترکہ ضوابط بنانے کے حوالے سے پیش رفت کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی رہنماؤں کا ایک غیر رسمی اجلاس بدھ کو منعقد ہو گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ا نہوں نے یورپی یونین کے ارکان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یونین کی ایسی رکن ریاستوں کو، جو بلاک سے مالی تعاون کی امید رکھتی ہیں، مہاجرین اور تارکین وطن کے معاملے پر بھی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ چانسلر میرکل نے یونین کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ یورپی یونین کی سطح پر پناہ کے مشترکہ قوانین بنانے کے لیے پیش رفت کریں۔انہوں نے کہاکہ یکجہتی ایک طرفہ ٹریفک نہیں ہے۔ میرکل کا کہنا تھا کہ یونین کے اجتماعی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے کئی رکن ممالک کی معیشت بہتر بنانے کے لیے انہیں ان کے حصے سے زیادہ رقم دی جاتی ہے، اسی طرح انہیں مہاجرین کے معاملے پر بھی اجتماعی مفاد پیش نظر رکھنا چاہیے۔ میرکل نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یورپی رہنما رواں برس جون تک پناہ کے مشترکہ یورپی قوانین تیار کر لیں گے۔ یورپی یونین کا آئندہ غیر رسمی سربراہی اجلاس بدھ کومنعقد ہو رہا ہے جب کہ باقاعدہ یورپی سمٹ مارچ میں منعقد ہو گی۔ہنگری، پولینڈ، چیک جمہوریہ اور سلوواکیہ جیسے مشرقی یورپ کے ممالک یورپی کمیشن کے مہاجرین کی منصفانہ تقسیم کا منصوبہ قبول کرنے پر تیار نہیں ہیں۔ یورپ کا رخ کرنے والے تارکین وطن اور مہاجرین کی اکثریت اٹلی اور یونان پہنچتی ہے۔ لازمی کوٹے کے تحت ان تارکین وطن کی دیگر یورپی ممالک منتقلی کے منصوبے کا مقصد ان دونوں ممالک پر دباؤ کم کرنا ہے۔