سپریم کورٹ نے عدالتی اصلاحات سے متعلق اپیل پر وفاق سے جواب طلب کرلیا

 
0
370

اسلام آباد، فروری 19 (ٹی این ایس): سپریم کورٹ نے عدالتی اصلاحات سے متعلق اپیل پر وفاق سے جواب طلب کرتے ہوئے کہاہے کہ عدلیہ میں اصلاحات کیلئے قانون سازی ناگزیر ہے ناہم قانون سازی کرنا ہمارا کام نہیں ،جن کا کام ہے اس میں ہم مداخلت نہیں کرسکتے ۔

پیر کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔اس موقع پر چیف جسٹس نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا وہ نہیں چاہتے میں یہ کیس سنوجس پر درخواست گزار نے کہا کہ ان کی ایسی کوئی نیت نہیں ہے ۔چیف جسٹس نے کہاکہ اس کیس میں لاء اینڈجسٹس کمیشن کو فریق بنایا ہے جس کا میں چیئرمین ہو ں اورچیئرمین ہونے کے ناطے میں کیسے یہ مقدمہ سن سکتا ہوں جس پر درخواست گزار نے کہا کہ لاء اینڈ جسٹس کمیشن کا نام فریق سے نکال دیا جائے اصل بات معاملہ پرغور کرناہے اگر چیف جسٹس کی سربراہی میں یہ بینچ اپیل کی سماعت کریگا تویہ ہمارے لئے باعث مسرت ہو گا ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی درخواست نظام انصاف سے متعلق ہے، عدلیہ میں یقیناًاصلاحات کی ضرورت ہے جس کیلئے قانون سازی نا گزیر ہے تاہم قانون سازی کرنا ہمارا کام نہیں ہے اورہم اس معاملے میں ہم مداخلت بھی نہیں کر سکتے،کچھ چیزیں ایسی بھی ہیں جو خود سے بہتر کی جا سکتی ہیں۔بعد ازاں عدالت نے درخواست پر وفاق سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔