جاپان کی 350ویں سالگرہ پردنیا کی بلند ترین لکڑی کی عمارت کا منصوبہ

 
0
360

ٹوکیوفروری 20(ٹی این ایس)ایک جاپانی کمپنی 2041 میں اپنی 350 ویں سالگرہ منانے کے لیے دنیا کی بلند ترین لکڑی کی عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کمپنی سومیتومو فوریسٹری نے کہاکہ 70 منزلہ ڈبلیو 350 ٹاور سٹیل اور ایک لاکھ 80 ہزار مکعب میٹر دیسی لکڑی پر مشتمل ہوگا۔یہ عمارت جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں بنائی جائے گی۔کمپنی کے مطابق اتنے سامان میں آٹھ ہزار گھروں کی تعمیر ہو سکتی ہے۔ اس عمارت کی ہر منزل کی بالکنیوں پر پیڑ، پودے اور سبزہ زار ہوں گے،ایک مضبوط اور کسا ہوا ٹیوب نما سٹیل کا ڈھانچہ قطری انداز میں ہوگا، جس کے ساتھ ارتعاش یا وائبریشن کنٹرول بریسیز عمارت کے مرکز میں لکڑی اور سٹیل کے 350 میٹر ستون سے منسلک ہوں گے تاکہ یہ عمارت ٹوکیو میں آنے والے مستقل زلزلوں سے محفوظ رہے۔اس عمارت کی تعمیر میں تقریباً 600 ارب ین (ساڑھے پانچ ارب امریکی ڈالر سے بھی زیادہ) یا اسی سائز کی عام بلند و بالا عمارت میں لگنے والی رقم سے دگنا رقم خرچ ہوگی۔لیکن سومیتومو کمپنی کا خیال ہے کہ اس کی تعمیر میں اس تخمینے سے کم خرچ آئے گا اور اس کی بنیاد اس کے خیال میں ٹیکنالوجی میں نئی چیزوں کی دریافت ہے۔ابھی وینکوور کی 53 میٹر بلند عمارت دنیا کی بلند ترین لکڑی کی عمارت ہے جس میں طلبہ کے فلیٹس ہیں۔کمپنی کے مطابق ڈبلیو 350 ٹاور کا استعمال دفاتر، دکان، ہوٹل اور گھروں کے طور پر ہوگا۔