سکھر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ آئے روز اپنے بیانات کے ذریعے شہر میں سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہی ہے، ہارون میمن 

 
0
274

سکھر، فروری 20 (ٹی این ایس): آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ سکھر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ آئے روز اپنے بیانات کے ذریعے شہر میں سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہی ہے جبکہ صورتحال اس کے برعکس ہے تجارتی مراکز میں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے جبکہ آئے روز مختلف مارکیٹوں اور بازاروں میں نکاسی کا گندا پانی جمع ہونا معمول بنا ہوا ہے میونسپل انتظامیہ کے اعلانات کے باوجود سکھر کے بیشتر تجارتی مراکز میں اسٹریٹ لائٹس نصب نہیں ہوسکی ہیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے دعوے وعدے اور اعلانات تو بہت کیے گئے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے بجائے پانی کے نرخ بڑھا دیئے گئے ہیں جسے تاجر اور عوام قبول نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سکھر شہر کی مختلف تاجر تنظیموں کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

حاجی محمد ہارون میمن نے تاجروں اور دکانداروں کی شکایات توجہ سے سنی اور انہیں حل کرانے کیلئے متعلقہ محکموں کے ذمہ داران سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرائی حاجی محمد ہارون میمن نے کہا کہ سکھر میونسپل انتظامیہ صرف بیانات اور اعلانات کے ذریعے شہر کے مسائل حل کرنے کے خواب دیکھتی رہتی ہے مگر صفائی ستھرائی ڈرینج سسٹم درست نہیں ہوسکا ہے جس کی واضح مثال منارہ روڈ مکی مسجد کے قریب گرلز کالج چوک پر نکاسی نظام درست کرنے بجائے سڑک کے درمیان ہی نالیاں کھود کر گندے پانی کو گزارا جارہا ہے جہاں سے آئے روز پانی نکل کر سڑک پر جمع ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے راہگیروں اور طلبہ و طالبات و نمازیوں کو گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی، رہائشی و تجارتی علاقوں میں اسٹریٹ لائٹ لگانے جیسے مسائل آج بھی جوں کے توں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے بجائے پانی کی قیمت بڑھا دی گئی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پینے کے پانی کی بڑھائی گئی قیمت فوری طور پر واپس لی جائے بصورت دیگر عدالت سے رجوع کیا جائیگا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ ، صوبائی وزیر بلدیات اورسیکریٹری لوکل گورنمنٹ سے مطالبہ کیا کہ سکھر شہر کی ابتر حالت کی بہتری کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کیے جائیں ۔