کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 7ماہ میں9ارب ڈالر سے تجاوز کرنا تشویشناک ہے‘شفیق اے نقی

 
0
291

لاہور فروری 22(ٹی این ایس)چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شفیق اے نقی نے کرنٹ ا کاؤنٹ خسارہ رواں مالی سال کے ابتدائی7ماہ میں 48.1فیصد بڑھ کر9ارب15کروڑ 50لاکھ ڈالر پہنچنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات میں کمی او ر درآمدات میں اضافہ سے تجارتی و کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں اضافہ ملکی معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے ،تجارتی خسارہ ہی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وائس چیئرمین میاں شہریار علی ،حافظ ایم عمران حمید وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شفیق اے نقی نے کہا کہ ،مہنگی بجلی ،گیس و دیگر عوامل کے باعث برآمدات میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے جبکہ درآمدات میں اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار کے وعدوں کے باوجود ریفنڈز کی عدم ادائیگی نے برآمدگان کی کمر توڑ دی ہے جس سے ایکسپورٹ سیکٹر متاثر ہورہا ہے ۔اگر ریفنڈز کو اسی طرح روکے رکھا گیا تو تجارتی خسارہ سے ملکی معیشت متاثر ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگا کے سیلز ریفنڈز کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ کئی سال سے رکے ہوئے دیگر ریفنڈز کی جلد ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایکسپورٹر دلچسپی سے برآمدات میں اضافہ کیلئے کوششیں کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی و گیس بھی ملکی برآمدات میں کمی کا باعث ہے اس لیے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے تاکہ پیداواری لاگت کم اور برآمدات بڑھ سکیں۔