مسائل حل نہ ہونے کی وجہ ہر دو چار سال بعد جمہوریت کو پٹری سے ہٹانا ہے،احسن اقبال

 
0
285

اسلام آباد فروری22(ٹی این ایس) وفاقی وزیر داخلہ و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ستر سال سے ملک کے مسائل حل نہ ہونے کی بنیادی وجہ ہر دو چار سال بعد جمہوریت کی گاڑی کو پٹری سے ہٹانا ہے،دو ہزار تیرہ میں پاکستان کو خطر ناک ترین ملک کہا جاتا تھا لیکن2018 میں تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک کہا جاتا ہے۔ جمعرات کو اسلام آبادمیں’’ وفاقی اور صوبائی نظام پولیس میں اختلاف‘‘ کے موضوع پر سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولیس کسی بھی معاشرے کیلئے ریڑھ کی حیثیت کا درجہ رکھتی ہے،ترقی کا امن سے براہ راست تعلق ہے،ملک کو جس طرح کی انتہا پسندی اور دہشتگردی کا سامنا ہے پولیس سے زیادہ موثر ادارہ کوئی نہیں،پولیس اور فوج کی مدد سے ملک میں امن قائم ہوا ہے،ہم نے تھوڑے وسائل کیساتھ وہ کامیابیاں حاصل کی جو سپر پاور سارے وسائل لگا کر بھی حاصل نہ سکی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی پولیس نظام میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے،دنیا کا مشکل کام نظام میں تبدیلی ہے اس کیلئے بہت محنت کی ضرورت ہے،مشکل حالات میں ریفارمز نہیں ہو سکتے،سسٹم انسانوں سے بنتے ہیں ، ایک آئی جی اسی فورس سے بہترین کارکردگی دیتا ہے، دو سال پہلے وفاقی پولیس کوماڈل پولیس کا پروجیکٹ دیا لیکن اس پر کوئی کام نہیں ہوا،اپنی مدت کے خاتمے سے پہلے اسلام آباد پولیس کو ماڈل پولیس بنائے گے،ماڈرن پولیسنگ کیلئے لندن میٹروپولیٹن پولیس سے بھی رابطے میں ہیں،ملک سے جرائم کے خاتمے کیلئے مظلموں اور کمزور طبقے کو تحفظ دینا ہوگا۔ ان کا خطاب میں مزید کہنا تھا کہ اداروں کے درمیان اختیارات کی جنگ جاری ہے،ہر وقت آگے ،پیچھے اوراُوپر نیچے سے وار کرکے ٹانگیں کھینچی جاتی ہیں، چین بننا ہے یا نارتھ کوریا اب قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا،چین کی طرح اقتصادی ترقی کرنے ہے یانارتھ کوریا کی طرح انتشار کی جانب بڑھنا ہے۔