الیکشن 2018 کے تناظر میں یورپین یونین کے ایک چھ رکنی مشن زرداری ہاؤس میں ملاقات آصف زرداری کے ساتھ ملاقات

 
0
359

اسلام آباد،فروری 23 (ٹی این ایس): سابق صدر پاکستان اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری  سے یورپین یونین کے ایک چھ رکنی مشن نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی اور آئندہ انتخابات کے لئے الیکشن آبزرورز سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ مشن برسلز سے پاکستان آیا ہے تاکہ مختلف سٹیک ہولڈروں سے انتخابات سے پہلے ملاقات کرلے۔ اس وفد میں اسلام آباد میں مقیم یورپین یونین کے سفیر فرام کو کوٹین کے علاوہ نیکولائی پاس مس این وین ہائوٹ، مس حنا رابرٹس، کلوم ونسنٹ، پیر مچل اور مس الیسا ٹسیلی شامل تھے۔

سابق صدر کی معاونت سید نیر حسین بخاری، سید نوید قمر، شیری رحمن اور فرحت اللہ بابر نے کی۔ وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ ملک میں متفقہ طور پر حال ہی میں انتخابی قوانین میں ترمیم کی گئی ہے تاکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے، اب یہ ضروری ہے کہ انتخابات ان ترمیم شدہ انتخابی قوانین کے تحت کرائے جائیں،اس لئے اس مشن کا بہت اہم رول ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی اس مشن کو خوش آمدید کہتی ہے۔سابق صدر نے کہا کہ ان ترمیم شدہ انتخابی قوانین میں یہ بات تسلیم کی گئی ہے کہ الیکشن مانیٹرز کا اہم کردار ہے اور اس امید کااظہار کیا کہ یورپین یونین کے مانیٹرنگ مشن کے ساتھ ساتھ دوسرے مانیٹرینگ مشن بھی انتخابات کے دوران پاکستان آئیں گے اور اپنی رپورٹس پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو یورپین یونین کے انتخابی آبزرور مشن کی رپورٹ سے انتخابی قوانین کے لئے ترمیم کی سفارشات پیش کرنے میں بہت مدد ملی۔سابق صدر نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کو انہوں نے آراو کے انتخابات قرار دیا تھا لیکن پارٹی نے جمہوری تسلسل کے لئے انتخابات کے نتائج تسلیم کر لئے تھے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ بات اہم ہے کہ اس مشن میں زیادہ لوگ شریک ہوں ،جن میں خواتین بھی شامل ہوں تاکہ وہ دوردراز علاقوں میں انتخابات کے روز پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کر سکیں، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لئے دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔