پی ٹی آئی کے ممبر سازی کے لئے لگائے گئےکیمپ پر  خواجہ آصف کے کہنے پر کارپوریشن عملے نے دھاوابولا: عثمان ڈار کا الزام

 
0
298

سیالکوٹ،فروری 23 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے سیالکوٹ میں لگائے گئے کیمپ پر کارپوریشن عملے نے دھاوا بول دیا۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار کی جانب سے ممبر سازی کے لئے لگائے کیمپ پر کارپوریشن عملے نے دھاوا بول دیا۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کی ایما پر میئر سیالکوٹ نے کیمپ پر دھاوا بولا۔

سیاسی مخالفت میں خواجہ آصف نے بد تہذیبی کی انتہاء کر دی ہے۔ممبر سازی کیمپ میں نواز شریف کی نا اہلی پر جشن منانا وزیر خارجہ کو ناگوار گزرا ہے۔خواجہ آصف کے خلاف نیب میں کرپشن کیسز لے جانے پر دھمکانے کی کوشش کی گئی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی وزیر خارجہ کی نا اہلی کا مقدمہ لڑ رہا ہوں۔ خواجہ آصف کی دم پر پاوں رکھنے کے نتیجے میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عثمان دار کا مزید کہنا تھا کہ کیمپ لگانے کے لئے ڈی سی او سیالکوٹ سے باقاعدہ اجازت لی گئی تھی۔ میئر سیالکوٹ نے خواجہ آصف کی خوشامد میں ڈی سی او کے احکمات بھی ہوا میں اڑا دئیے۔عثمان ڈار نے کہا کہ عمران خان کا سپاہی ہوں۔ گیدڑ بھپکیوں سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔سیالکوٹ کے گلی گلی اور ہر محلے میں ممبر سازی مہم کو پہنچاوں گا۔.