پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018 کا آغاز

 
0
10438

کراچی فروری 24(ٹی این ایس)پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018کراچی میں شروع ہو گئی ہیں۔مشق کے افتتاحی سیشن میں وائس چیف آف نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل کلیم شوکت مہمان خصوصی تھے ۔رباط سیریز کی مشقوں میں روایتی سے لے کر غیر روایتی تک بدلتے ہوئے کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی جنگی حکمت عملیوں کی جانچ اور ان کا عملی مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ اس مشق میں بحیرہ عرب کے طول و عرض میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز بھی شامل ہوں گے۔ مشق کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیف آف نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی جنگی تیاری پر زور دیا اور کہا کہ مشترکہ جنگی مشقیں جدید جنگی حکمت عملی کی بنیاد ہیں جس سے مادر وطن کے دفاع کے لیے تربیت کے مواقع حاصل ہوتے ہیں۔انھوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ اپنے دشمن کی عددی برتری یا بڑھتے ہوئے ذرائع سے خوف زدہ نہ ہوں اس لیے کہ اسلامی تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے جہاں چھوٹی مسلم افواج نے اپنی بہتر حکمت عملی، اللہ پر ایمان اور اپنے جائز مقصد کی بنا پر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی ہے۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مشق پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے جنگی اور سپورٹ ، دونوں شعبوں کے لیے پیشہ ورانہ طور پر مفید ثابت ہوگی۔اس مشق میں فلیٹ کمانڈ کی مختلف یونٹس سمیت پاک بحریہ کی کوسٹل اور لاجسٹکس کمانڈ کے یونٹس بھی حصہ لے رہے ہیں۔ مشق کے دوران بحری اور فضائی بیڑوں کے درمیان تعاون بڑھانے اور جنگی حکمت عملیوں کو بہتر بنانے پر خصوصی زور دیا جائے گا۔ یہ مشق 6 مارچ 2018 تک شمالی بحیرہ عرب میں جاری رہے گی اور اس کا اختتام پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے جنگی بیڑوں کی جانب سے فائر پاور کے مظاہرے پر ہوگا۔