لڑائی کے خاتمے کے لیے افغان طالبان کا امریکہ سے پھر بات چیت پر زور

 
0
320

کابل فروری 27(ٹی این ایس)طالبان نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ افغانستان کی تقریباً 17 برس پرانی لڑائی ختم کرنے کے لیے مذاکرات کا آغاز کیا جائے، جس کے لیے اْنھوں نے کئی طرح کا عندیہ دیا ہے کہ وہ مکالمے کی راہ تلاش کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لڑائی ختم کرنے کے طریقہ کار پر بات چیت کے لیے کابل میں بلائے گئے علاقائی رہنماؤں کے اجلاس کے آغاز سے دو روز قبل اپنے بیان میں تحریک نے کہا کہ وہ معاملے کا پْرامن تصفیہ چاہتے ہیں۔بیان میں کہا گیاکہ افغانستان کی اسلامی امارات کا سیاسی دفتر امریکی اہل کاروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ افغان معمے کے پْرامن حل کے لیے اسلامی امارات کے سیاسی دفتر سے براہِ راست مذاکرات کریں۔اِس میں کہا گیا کہ اس سے تصفیہ تلاش کرنے میں مدد ملے گی اگر امریکہ امریکہ افغان عوام کے جائز مطالبات تسلیم کرتا ہے، اور کسی پرامن ذریعے سے اپنی تشویش اسلامی امارات کو پیش کرتا ہے اور گفتگو کرتا ہے۔بیان میں ایلس ویلز کے بیانات کا حوالہ دیا گیا جن میں امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف جنوبی و وسط ایشیائی امور کی پرنسیپل ڈپٹی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا دروازہ کھلا ہے۔