کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں، آسیہ اندرابی

 
0
311

سرینگر فروری 28(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہاہے کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ شہداء کے عظیم مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ایک بھارتی پولیس افسر کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ عسکریت پسندوں کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ کشمیری عوام غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربانیاں کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ انتہائی عقیدت رکھتے ہیں اور وہ انکی نماز جنازہ میں جوق در جوق شامل ہو تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی آواز کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے اور پولیس افسر کا بیان بھارتی فورسز کی بوکھلاہٹ کی نشاندہی کرتا ہے۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ مشتاق احمد چوپان کو دراصل دوران حراست تشدد کے ذریعے قتل کیا گیا ہے۔