توہین عدالت کیس میں سزاپانے والے سابق سینیٹر نہال ہاشمی اڈیالہ جیل سے رہا

 
0
359

راولپنڈی28 فروری (ٹی این ایس)اعلیٰ عدلیہ کے خلاف دھمکی آمیزتقریر کے بعد توہین عدالت میں سزاپانے والے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کی سزا آج مکمل ہونے پر اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے ن لیگی رہنما و سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو توہین عدالت کیس میں ایک ماہ قید اور 5 سال کیلئے نا اہلی کی سزا سنائی تھی۔ نہال ہاشمی کو سزا یکم فروری کو سنائی گئی تھی ،چونکہ فروری 28 روز کا مہینہ ہوتا ہے اس لیے نہال ہاشمی مزید 2 روز سزا سے بچ گئے جس کے باعث انہیں آج  رہا کیا جانا تھا

واضح رہے کہ ن لیگی سابق سینیٹر نے 28 مئی 2017کو کراچی میں تقریرکرتے ہوئے عدلیہ کو دھمکیاں دی تھیں ۔ نہال ہاشمی کی براہ راست دھمکیوں کا چیف جسٹس نے نوٹس لے لیا جس کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور 24جنوری کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا جو یکم فروری کو سنایا گیا۔ کیس کا فیصلہ2 اور 1 کی نسبت سے آیا تھا جس کے بعد کمرہ عدالت سے ہی نہال ہاشمی کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا تھا۔