پاکستان امریکہ،چین، روس اورخلیج ریاستوں سمیت تمام ملکو ں کے ساتھ تعلقات مضبوط بناناچاہتاہے‘ وزیر دفاع

 
0
402

لاہور،مارچ 1( ٹی این ایس): وزیردفاع انجینئر خرم دستگیرخان نے کہاہے کہ پاکستان امریکہ،چین، روس اورخلیج ریاستوں سمیت تمام ملکو ں کے ساتھ تعلقات مضبوط بناناچاہتاہے،پاکستان کو دہشتگردی کے باعث نقصان برداشت کرنا پڑاہے تاہم آپریشن ضرب عضب اورردالفسادکی بدولت دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پالیاگیاہے۔ایک انٹر ویو میں وزیردفاع نے کہاکہ پاکستان میں کہیں بھی دہشتگردوں کی پناہ گاہیں موجودنہیں اورنہ ہی حقانی نیٹ ورک کاکوئی وجودہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مستحکم، جمہوری اورپرامن افغانستان دیکھناچاہتاہے ۔انہو ں نے کہاکہ امریکہ نے اتحادی افواج کی مدد سے افغانستان میں طویل ترین جنگ شروع کی اوراب وہ اس کی ناکامی کاملبہ پاکستان پرڈال رہاہے۔خرم دستگیرنے کہاکہ افغانستان کے آدھے حصے میں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں موجود ہیں اورامریکہ کو ہلمندشوری کی فکرکرنی چاہیے۔ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ بھارت نے اس سال کنٹرول لائن پر چارسوبارجنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی حالیہ لہرکشمیریوں کی اپنی جدوجہد ہے۔