زینب قتل کیس کے ملزم پر لگائے الزامات ثابت نہ ہونے پر بھی معافی نہیں مانگوں گا،ڈاکٹر شاہد مسعود

 
0
303

لاہور مارچ 7(ٹی این ایس) معروف صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا ہے کہ زینب قتل کیس کے ملزم پر لگائے الزامات ثابت نہ ہونے پر بھی معافی نہیں مانگوں گا۔تفصیلات کے مطابق معروف صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کے زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم پر لگائے گئے الزامات ثابت نہ ہو سکے۔سپریم کورٹ میں ڈاکٹر شاہد مسعود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری رپورٹ آ گئی ہے لیکن مجھے ابھی تک نہیں ملی۔جب ڈاکٹر شاہد مسعود سے سوال کیا گیا کہ آپ دعوے ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں تو اب کیا ہو گا۔تو ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے کہا ہے کہ الزامات ثابت نہیں ہوئے یہ نہیں کہا کہ الزمات جھوٹے ہیں۔جب صحافی نے شاہد مسعود سے سوال کیا کہ کیا آپ معافی مانگ لیں گے تو شاہد مسعود نے جواب دیا کہ معافی کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔یاد رہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے قصور میں قتل ہونے والی زینب کے قاتل پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ اس کے 37بینک اکااؤنٹس ہیں اور ملزم عمران علی کو سیاسی شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے۔تاہم ڈاکٹر شاہد مسعود اپنے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔