رضاربانی نے نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چئیرمین سینٹ کے انتخاب کا معاملہ مجھ پر چھوڑ دیا ہے تاہم میں سب سے مشورہ کرکے ہی فیصلہ کروں گا:آصف زرداری

 
0
411

اسلام آباد، مارچ 09 (ٹی این ایس):  پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ سیاست امتحان لیتی ہے، ابھی تو سیاست شروع ہوئی ہے،رضاربانی نے نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا ، ہو سکتا ہے کہ اسی وجہ سے نواز شریف کی ان سے قربت زیادہ ہو ، چیئرمین سینیٹ سے متعلق فیصلہ سب کی مشاورت سے ہوگا، اعلان بلاول بھٹو  کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان ہاؤس میں صوبائی وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں بلوچستان کے نو منتخب سینٹرز سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ بلوچوں سے ہمارے تعلقات دیرینہ ہیں، ہم نے ہمیشہ بلوچوں کے حق کی بات کی ہے, پاکستان میں کسی کو بلوچوں کا خیال ہے تو وہ صرف پیپلز پارٹی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چئیرمین سینٹ کے انتخاب کا معاملہ مجھ پر چھوڑ دیا ہے تاہم میں سب سے مشورہ کرکے ہی فیصلہ کروں گا۔

عبد الغفور حیدری کو بھی بلوچ ہونے کی وجہ سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنایا تھا ۔انہوں نے  کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی درخواست پر چیئرمین سینیٹ کا فیصلہ بھی مشاورت سے کیا جائے گااور چیئرمین سینیٹ کا اعلان بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ وہ اپنے چیئرمین سینیٹ کی برائی نہیں کرنا چاہتے تاہم رضا ربانی نے اٹھارویں ترمیم سے متعلق ہمارے تحفظات کو دور نہیں کیا ،انہوں نے تین سالوں میں نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا ،ہو سکتا ہے کہ یہی وجہ ہو کہ نواز شریف کی رضا ربانی کے ساتھ قربت زیادہ ہے ۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ،ڈاکٹر عاصم حسین ،ڈاکٹر عبد القیوم سومرو اور پیپلز پارٹی کے دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے ۔