حکومت کھیلوں کی ترقی کے لئے کوشاں ہے‘ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن اور صوبوں بھی اپنا کر دار ادا کریں ٗ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات

 
0
321

اسلام آباد مار چ9(ٹی این ایس)قومی اسمبلی کو بتایاگیا ہے کہ حکومت کھیلوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہے‘ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن اور صوبوں بھی اپنا کر دار ادا کریں ۔ جمعہ کو وقفہ سوالات کے دوران شہناز سلیم کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے کہا کہ پی سی بی خودمختار ادارہ ہے ٗان کے فنڈز کا انٹرنل آڈٹ بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان کو کوئی فنڈز فراہم نہیں کرتی۔ ملتان سمیت مختلف شہروں میں کرکٹ کی ترقی کے لئے نئے سنٹرز قائم کئے جارہے ہیں۔ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد انفراسٹرکچر کی تعمیر اور گراؤنڈ بنانا صوبوں کی ذمہ داری ہے۔ ہم نے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھیلوں کے فروغ کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقعوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہاکہ سکیئنگ کے کھیل کی ایئرفورس نگرانی کرتی ہے۔ ڈپٹی ایئرمارشل ان کے سربراہ ہیں۔ عالمی مقابلوں کے لئے حکومت فیڈریشن کی معاونت کرتی ہے۔ افتخار الدین نے کہا کہ چترال کے لئے لواری ٹنل کی تعمیر کی وجہ سے سردیوں کے موسم میں اب لوگ چترال آسکتے ہیں۔ سکیئنگ کے کھیل سے چترال میں سیاحت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ ڈپٹی ایئرمارشل کے ساتھ بیٹھ کر چترال میں سکیئنگ کے فروغ کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا جائے گا۔