پاک بحریہ کا اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

 
0
389

کراچی ، مارچ 11 (ٹی این ایس): پاک بحریہ نے ساحلی علاقے میں کی جانے والی ایک تربیتی مشق کے دوران سطح زمین سے فائر کیے جانے والے ایک اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ میزائل اپنے مقررہ راستے سے گزرتے ہوئے سمندر میں موجود اپنے ہدف تک بھرپور کامیابی سے پہنچا۔

اس موقع پر وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت اور پاک بحریہ کے سینئر افسران موجود تھے۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے بحر ہند میں سیکیورٹی کے تبدیل ہوتے ہوئے ماحول اور اس حوالے سے پاک بحریہ کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔

وائس چیف آف نیول سٹاف نے بتایا کہ پاک بحریہ کے سربراہ مادر وطن کی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی ان تھک محنت اور خلوص نیت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔

پاک بحریہ علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے سمندری حدود میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کی جانیوالی تمام کوششوں میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی۔

وائس چیف آف نیول اسٹا ف نے میزائل فائرنگ کے اس کامیاب تجربے میں حصہ لینے والے تمام افسروں اور جوانوں بالخصوص میزائل یونٹ کے عملے کو سراہا جس کی ان تھک محنت اور عزم مصمم کی بدولت یہ تجربہ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔