قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جناب جسٹس جا وید اقبال کی صدارت میں اجلاس منعقد

 
0
369

اسلام آباد ،مارچ12(ٹی این ایس) :نیب نے سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے افسران کے خلاف ہائر ایجو کیشن کمیشن کے چیئر مین مختار احمد کی مبینہ غیر قانونی تقرری اورخیبر پختون خواہ حکومت کی متعلقہ اتھارٹی کے خلاف بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں مبینہ خرد برد کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی صدارت میں اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادمیں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے افسران کے خلاف ہائر ایجو کیشن کمیشن کے چئرمین مختار احمد کی مبینہ غیر قانونی تقرری کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیاہے ۔اجلاس میں خیبر پختون خواہ حکومت کی متعلقہ اتھارٹی کے خلاف بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں مبینہ خرد برد کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیاہے۔

اجلاس میں نیب میں جاری راولپنڈی /اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر قائم نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف متعلقہ اداروں ، سی ڈی اے، آر ڈی اے اور آئی سی ٹیکی طرف سے غیر قانونی طور پر قائم نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی خصوصاًً عوام کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کی صورتحال اور نیب میں غیر قانونی نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف جاری انکوائریوں اور انوسٹی گیشن پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔

چئیرمین نیب نے ڈی جی نیب راولپنڈی کوہدایت کی کہ عوام کی عمر بھر کی لوٹی گئی جمع پونجی کی واپسی نہ صرف یقینی بنانے میں قانون کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں بلکہ نیب میں جاری تمام انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کو بر وقت مکمل کر کے بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ چیئرمین نیب نے سی ڈی اے، آر ڈی اے اور آئی سی ٹی کوہدایت کی کہ وہ سادہ لوح عوام کو غیر قانونی نجی اور کوآپریٹو ہائو سنگ سوسائٹیز کے متعلق نہ صرف بر وقت آگاہی فراہمی کریں تاکہ وہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں ،ْ چیئرمین نیب نے سی ڈی اے، آر ڈی اے اور آئی سی ٹی کوہدایت کی کہ راولپنڈی ،ْاسلام آباد میں قائم نجی اور کوآپریٹو ہائو سنگ سوسائٹیز کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر بھی لگائیں۔

چیئرمین نیب نے عوام سے کہا کہ وہ اپنی عمر بھر کی جمع پونجی صرف اور صرف قانون کے مطابق قائم نجی اور کوآپریٹو ہائو سنگ سوسائٹیز میں پوری تسلی اور اطمینان کے بعد لگائیں۔