غربِ اردن میں اسرائیلی آباد کاروں سے جھڑپ ،ایک فلسطینی نوجوان شہید

 
0
310

مقبوضہ بیت المقدس,مارچ 12(ٹی این ایس) :دریائے اردن کے مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپ کے دوران میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا گیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غربِ اردن میں واقع ایک فلسطینی گاؤں کے مکینوں اور یہودی آباد کاروں کے درمیان جھڑپ کی اطلاع ملنے کے فوری بعد اسرائیلی فوجی موقع پر پہنچ گئے تھے اور انھوں نے متحارب فریقوں کو منتشر کرنے کے لیے براہ راست گولیاں چلائی ہیں۔فلسطینیوں اور یہودی آبادکاروں نے ایک دوسرے کو واقعے کا ذمے دار قرار دیا ہے جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ وہ اس کی تحقیقات کرے گی۔فلسطینی حکام کے مطابق فائرنگ سے انیس سال کی عمر کا ایک نوجوان جاں بحق ہوا اور ایک شخص زخمی ہوگیا ہے۔
ان کے بہ قول ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ ان پر یہودی آبادکاروں نے فائرنگ کی ہے یا وہ اسرائیلی فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے ہیں۔واضح رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کی قائم کردہ بستیوں اور مشرقی القدس میں قریباً ساڑھے پانچ لاکھ یہودی رہ رہے ہیں جبکہ غربِ اردن میں واقع شہروں اور دیہات میں چھبیس لاکھ سے زیادہ فلسطینی رہ رہے ہیں۔