وینکور، جنوری 17 (ٹی این ایس):کوریا کی جنگ میں امریکہ کاساتھ دینے والے بیس ممالک کی کانفرنس کینیڈا کے شہر وینکوور میں منعقد ہورہی ہے جس کا مقصد شمالی کوریا پر اس کے ایٹمی ہتھیاروں کے حوالے سے اقتصادی دباو بڑھانا ہے۔کانفرنس میں امریکہ کے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن اورکینیڈا کے وزیر خارجہ سمیت 20 ملکوں کے وزرائےخارجہ اور سینئر سفارتکار شرکت کررہے ہیں۔
یہ کانفرنس ایسے موقع پر ہورہی ہے جب سفارتکاری سے مسئلہ حل ہونے کی امید بڑھ رہی ہے اور جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہونے جارہا ہے۔ادھر چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ جزیرہ نما کوریا کے ایٹمی معاملے پر اجلاس میں اہم فریقوں کو شامل نہ کرنا مدد گار ثابت نہیں ہوگا۔