قومی اسمبلی نے برقی توانائی کی پیداوار‘ ترسیل اور تقسیم کو منضبط کرنے کا (ترمیمی) بل 2018ء کی منظوری دے دی

 
0
512

اسلام آباد مارچ 15 (ٹی این ایس)قومی اسمبلی نے برقی توانائی کی پیداوار‘ ترسیل اور تقسیم کو منضبط کرنے کا (ترمیمی) بل 2018ء کی منظوری دے دی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وزیر مملکت برائے بجلی چوہدری عابد شیر علی نے تحریک پیش کی کہ برقی توانائی کی پیداوار‘ ترسیل اور تقسیم کو منضبط کرنے کا (ترمیمی) بل 2018ء سینٹ کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے۔ تحریک کی منظوری کے بعد ڈپٹی سپیکر نے بل کی تمام شقوں کی ایوان سے یکے بعد دیگرے منظوری حاصل کی تاہم ساجد نواز کی بجلی بلوں کے حوالے سے بعض علاقوں کو ایمنسٹی دینے کی ترمیم کی وزیرمملکت عابد شیر علی نے مخالفت کی اس بناء پر یہ ترمیم مسترد کردی گئی۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ مفت خوری کی اجازت نہیں دیں گے جس پر پی ٹی آئی کے ارکان نے شدید احتجاج کیا اور رائے شماری کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ کیا جس پر ڈپٹی سپیکر نے ترمیم پر حق اور مخالفت میں ارکان کو یکے بعد دیگرے کھڑا کرکے گنتی کرائی اور حکومت کو اس میں کامیابی حاصل ہوئی۔
اس طرح یہ ترمیم مسترد کردی گئی۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے تحریک پیش کی کہ برقی توانائی کی پیداوار‘ ترسیل اور تقسیم کو منضبط کرنے کا (ترمیمی) بل 2018ء منظور کیا جائے۔ قومی اسمبلی نے بل کی منظوری دے دی۔اجلا سکے دور ان قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کی جولائی تا دسمبر 2017ء تک کی مدت کے لئے معیادی رپورٹ پیش کردی گئی۔ قومی اسمبلی میں کمیٹی کی رکن ڈاکٹر فوزیہ حمید نے رپورٹ پیش کی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کی جولائی تا دسمبر 2017ء تک کی مدت کے لئے معیادی رپورٹ پیش کردی گئی۔ کمیٹی کی رکن عائشہ سید نے کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔اجلاس کے دور ان قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کی جولائی تا دسمبر 2017ء تک کی مدت کے لئے معیادی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی۔ قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کے چیئرمین ملک محمد عزیر خان نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کی جولائی تا دسمبر 2017ء تک کی مدت کے لئے معیادی رپورٹ ایوان میں پیش کردی گئی۔ کمیٹی کی رکن ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔